سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے موٹر وے پرخاتون سے زیادتی کے حوالے سے متنازع بیان پر معافی مانگ لی ،عمر شیخ کاکہنا ہے کہ میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معافی مانگتاہوں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی اور متنازع بیان پر معافی مانگتے ہوئے کہاکہ میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معافی مانگتاہوں۔
انہوں نے کہاکہ میں اپنی بہنوں ،بھائیوں اور سوسائٹی سے معافی مانگتا ہوں،میراکوئی بھی غلط مطلب یا تاثر نہیں تھا۔عمر شیخ کا مزید کہناتھا کہ میں اپنی بہن جس سے زیادتی ہوئی اور تمام طبقات سے معافی مانگتا ہوں۔
یاد رہے کہ لاہور کے نئے تعینات ہونے والے سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے نجی ٹی وی دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران واقعہ کا ذمے دار خاتون کو ہی قرار دیتے ہوئے بیان دیا تھا کہ کہانی یہ ہے کہ یہ خاتون رات ساڑھے بارہ بجے گجرانوالہ جانے کیلیے ڈیفنس سے نکلی ہیں، میں تو یہ حیران ہوں ، تین بچوں کی ماں ہے اوراکیلی ڈرائیور ہے،آپ سیدھا جی ٹی روڈ کا راستہ استعمال کریں جہاں پر آبادی ہے اورگھر چلی جائیں ،اگر اس طرف سے آئیں ہیں تو کم از کم پٹرول چیک کرلیں،اس راستے پر پٹرول پمپ نہیں ہوتے۔