وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کے معاملے پرنون لیگ سیاست کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، حمزہ کے علاج کیلیے 3 رکنی میڈیکل بورڈ بنا دیا گیا، ان کا علاج سرکاری ہسپتال میں ہوگا۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمن کے دل کی بات آخر لب پرآ ہی گئی، مولانا کہتے ہیں اے پی سی طے کرے سارا حلوہ حکومت کھائے گی یا ہمیں حصہ دیا جائے گا، مولانا کی منفی سوچ اور فکر قوم کے سامنے آشکارہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا قوم کی دولت اور ملکی خزانے کو ہمیشہ حلوہ سمجھتے رہے ہیں، حلوائی کی دکان پر نانا جی کی فاتحہ کے مصداق آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن نے عشروں سے ملک کو لوٹا، اپوزیشن یاد رکھے عمران خان نہ خود کرپشن کرتے ہیں، نہ کسی دوسرے کو کھانے دیتے ہیں، عمران خان ریاست کے خزانے کے امین ہیں، خیانت نہیں کریں گے۔