موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیس میں مرکزی ملزم عابد علی کا ایک اور ساتھی پکڑا گیا۔
سی آئی اے پولیس نے عابد اور شفقت کے گروہ میں شامل اقبال عرف بالا مستری کو ساہیوال سے حراست میں لے لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اقبال عرف بالا مستری کو گرفتار ملزم شفقت کی نشاندہی پرگرفتارکیا گیا۔
دوسری جانب زیادتی کیس کی تحقیقات میں پولیس کیلیے نئی مشکل سامنے آگئی۔ ملزم شفقت کی گرفتاری کے باوجود متاثرہ خاتون کا بیان ریکارڈ نہ ہوسکا۔ پولیس کی خاتون کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق خاتون کے بیان کے بغیر کیس کو آگے بڑھانا مشکل ہوگا۔
گرفتار ملزم شفقت نے ابتدائی تفتیش میں اقبال جرم کیا اوراس کا ڈی این اے بھی میچ کر چکا ہے۔ گرفتاری دینے والے ملزم وقارالحسن کا ڈی این اے میچ نہیں ہوا، ملزم موقع پرموجود تھا یا نہیں ابھی تصدیق ہونا بھی باقی ہے۔
ادھر کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کا مزید کرمنل ریکارڈ سامنے آیا ہے، ملزم زمین کے قبضہ کی خاطر اپنے ماموں کو بھی قتل کر چکا ہے۔ ملزم عابد علی پر قتل، زیادتی اور وارداتوں سمیت اجتماعی زیادتی کے 8 مقدمات درج ہیں۔