وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ اے پی سی کا مطلب آل پاکستان لوٹ مار کمیٹی، لوٹی رقم کو بچانے کیلیے کرپٹ اشرافیہ کا گٹھ جوڑ ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ سارے چوراکٹھے ہو جائیں تو سمجھ لیں ایماندار تھانیدارآگیا، منی لانڈرنگ کیلیے قانون سازی سے انہیں اتنا مسئلہ کیوں ہے۔ جتنی مرضی اے پی سی کر لیں، این آراو نہیں ملنا۔ شریف خاندان سے زیادہ کوئی جھوٹ نہیں بول سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران اشرافیہ چاہتی تھی مکمل لاک ڈاؤن ہو، وزیراعظم نے مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا اورغریب کا سوچا۔ عمران خان نے شب و روز ایک کر کے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعلی سندھ نے ڈھٹائی سے کہا کوئی بھوک سےمرتا نہیں دیکھا، اس بچےکی ویڈیو دیکھ لیں جس کا مرغا گندا پانی پینے سے مرگیا۔
شہباز گل نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں احساس پروگرام جیسا منصوبہ نہیں آیا، تحریک انصاف کی حکومت نے احساس پروگرام میں بلاتفریق عوام کی مالی معاونت کی۔