احتساب کے نام پراندھا انتقام ہورہا ہے،شہباز شریف

یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ جمہوریت صرف نام کی ہے۔اے پی سی سے خطاب

               
September 20, 2020 · اہم خبریں, قومی
کنٹونمنٹ بورڈ ز کے صاف اور شفاف انتخابات ہوئے۔فائل فوٹو

کنٹونمنٹ بورڈ ز کے صاف اور شفاف انتخابات ہوئے۔فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے صدراورقائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہاہے کہ ملک میں احتساب کے نام پراندھا انتقام ہورہا ہے، حکومت ہرلحاظ سے بری طرح ناکام ہو چکی ہے ،یہ پاکستان کی سب سے ناکام ترین حکومت ہے، اب بھی خاموشی اختیارکی یہ خاموشی جرم بن جائے گی ۔

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے اپوزیشن کی آل پارٹیزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آصف زرداری اور نوازشریف نے ہمہ گیرتقاریرکی ہیں ،اس کے بعد مجھ ناچیزکیلیے کچھ کہنے کیلیے باقی نہیں رہا،نوازشریف نے سیاسی تاریخ کا بھرپور احاطہ کیا ۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات میں سیاسی انجینئرنگ ہوئی،2018 کے الیکشن کے بعد ایک سلیکٹڈ حکومت وجود میں آئی اور سلیکٹڈ وزیراعظم نے انتخابی دھاندلی کے حوالے سے ایک کمیٹی بنائی ،الیکشن دھاندلی سے متعلق کمیٹی بنائی گئی لیکن ایک انچ بھی آگے نہیں جا سکی، اس سے بڑا وزیراعظم کا جھوٹ اور یو ٹرن کیا ہو سکتا ہے، سلیکٹڈ نے قوم سے وعدہ کیا تھا آر ٹی ایس بند ہونے کے معاملے کی تحقیقات ہوگی ۔

شہبازشریف نے کہاکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ جمہوریت صرف نام کی ہے،آمریت کے باعث ہرشعبہ تنزلی کا شکاررہا،عمران خان نے کہا تھا کہ وہ مرجائیں گے مگرآئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے،قائد حزب اختلاف نے کہاکہ آج مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہیں، آج جی ڈی پی منفی اعشاریہ 4 پر ہے ، آج گندم کی قیمت 73 سال کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے،آج گندم کی مارکیٹ میں قیمت2700 روپے فی من ہو چکی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی سمیت ملک بھر میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو توفیق نہ ہوئی کہ لوگوں کی امداد کر سکیں ، پہلے چینی ایکسپورٹ کرکے قیمتیں بڑھائی گئیں اوراب امپورٹ کی جارہی ہے،چینی اور گندم اسکینڈل کی ذمے حکومت ہے ، قوم کی نظریں اے پی سی پر ہیں کہ ہم کیا فیصلہ کرتے ہیں ۔

اپوزیشن لیڈرنے کہاکہ ملک میں احتساب کے نام پر اندھا انتقام ہورہا ہے ،حکومت نے عوامی فلاح کے کون سے منصوبے بنائے ہیں،اسکولوں میں بچیوں کے وظائف ختم کردیے گئے، حکومت ہر لحاظ سے بری طرح ناکام ہو چکی ہے یہ پاکستان کی سب سے ناکام ترین حکومت ہے اب بھی خاموشی اختیار کی یہ خاموشی جرم بن جائے گی ۔