سرگودھا میں غیرت کے نام پر9 سالہ بچے نے فائرنگ کرکے پھوپھی کو قتل کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کو پسند کی شادی کرنے پر رشتے داروں نےغیرت کے نام پرقتل کروایا۔
پولیس کے مطابق سرگودھا کے نواحی گاؤں 104 جنوبی کی رہائشی خاتون نے 10 برس قبل پسند کی شادی کی تھی ۔ کنول پروین کے اہل خانہ کو اس طرح شادی کرنا پسند نہ تھا جس کے باعث وہ ناراض تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل کنول کی اس کے خاندان سے صلح ہوئی تھی۔ 14 ستمبرکو کنول پروین اپنے ماموں کے بیٹے کی پیدائش پرانہیں مبارکباد دینے اپنے میکے آئی تھی، کنول جب اپنے میکے پہنچی تو گھر میں ان کا رشتہ دار وقاص کنول کے بھتیجے کو پستول چلانے کی تربیت دے رہا تھا۔
کنول کے پہنچنے پراس کے رشتہ داروں نے 9 سالہ نجم الحسن کو فائرنگ کرنے کا کہا جس نے کنول کی طرف پستول کرکے فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آ کر کنول موقع پرہی جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ 9 سالہ لڑکے سے غیرت کے نام پر منصوبہ بندی کے تحت خاتون کو قتل کروایا گیا۔ کنول پروین نے پسند کی شادی کی تھی جس کا اس کے اہل خانہ کو رنج تھا۔
تھانہ صدر پولیس نے قتل کرنے اور قتل کی تربیت دینے والے دونوں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے کاروائی کا آغاز کر دیا۔