مصر میں 28 سالہ نوجوان نے دوستوں پر رعب جمانے کے لیے مذاق مہنگا پڑگیا،مصرکے ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک دیہاتی نے دوستوں کے ساتھ بیٹھے مذاق مذاق میں موبائل فون نگل لیا تھا جو سات ماہ تک اس کے پیٹ ہی میں رہا۔
یونیورسٹی ہسپتال کے ڈاکٹرمحمد الجزارنے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حسن رشاد نامی مریض کی عمر28 سال ہے اور وہ قریبی دیہی علاقے القیوبیہ کا رہنے والا ہے۔
یہ شخص سینے اور پیٹ میں شدید تکلیف کی شکایت لے کر ہسپتال آیا تو اس کا مکمل چیک اپ کیا گیا، ایکسرے کرنے کے بعد موبائل فون کی موجودگی کا پتہ چلا۔
دریافت کرنے پر مریض نے بتایا کہ اس نے سات مہینے قبل دوستوں کےکہنے پر یہ موبائل نگل لیا تھا۔ اس کا خیال تھا کہ قے آنے سے موبائل فون واپس باہر نکل آئے گا مگرایسا نہیں ہوا اوراس نے خوف اور شرمندگی کے باعث اہل خانہ سے اس کا ذکر بھی نہیں کیا۔
مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے یونیورسٹی اسپتال میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے 28 سالہ نوجوان کے معدے کا آپریشن کرکے سات ماہ سے موجود موبائل فون نکال لیا۔ یہ آپریشن دو گھنٹے تک جاری رہا۔
ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ مریض کی قسمت اچھی ہے کہ موبائل کی بیٹری پیٹ میں تحلیل نہیں ہوئی ورنہ بیٹری کے اندر موجود کاربن کے زہرآلود ہونے کے باعث اس کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔ مریض تاحال ہسپتال میں داخل ہے اور تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔