اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کل سہ پہر تین بجے ن لیگ سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے ہنگامی طور پر طلب کردہ اجلاس میں میاں شہباز شریف کی گرفتاری سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور و خوص کیا جائے گا۔
ن لیگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اے پی سی کے فیصلوں اور منظور کردہ قرار داد پر عمل درآمد کے پلان کو حتمی شکل دینے پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم رہنما حکومت کی طرف سے سیاسی انتقامی کارروائیوں پرلائحہ عمل مرتب کریں گے۔