مسلم لیگ ن کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس آج پارٹی کے تاحیات قائدنوازشریف کی زیرصدارت ہوگا۔
ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری پرجوابی حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور ملک گیر تحریک چلانے کے لیے حکمت عملی پرغورکیا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے اور مستقبل کی حکمت عملی پر پارٹی رہنماوَں کو اعتماد میں لیں گے۔
ترجمان ن لیگ کے مطابق سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ہونے والی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گا۔ پی ڈی ایم اور اے پی سی کے فیصلوں اور جمہوریت بحالی تحریک سے متعلق بھی اہم مشاورت ہوگی۔
گزشتہ روز ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کی گئی اور مستقبل کےلائحہ عمل پرمختلف تجاویز پر بھی غورکیا گیا۔
مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، محمد زبیر، آصف کرمانی اور راجہ فاروق حیدر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔ پی ایم ایل (ن) کی سی ای سی کے اجلاس سے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا تھا۔