مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا جواب پاکستانی عوام دے گی، اب یہ جدوجہد نہیں رکے گی، (ن) اور (ش) الگ نہیں ہوسکتے، یہ دونوں اس ملک کی طاقت ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شبلی فراز نے 3 بار منتخب وزیراعظم کیخلاف بیان دیا، شبلی فراز اور احمد فراز کی شخصیت میں بہت فرق ہے، شبلی فراز اور سی سی پی او لاہور کے بیان میں کوئی فرق نہیں، کرائے کے ترجمان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، وزرا کے منہ سے نکلے ہوئے الفاظ بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہے، آج حال یہ ہے کہ آپ دفاتر میں بیٹھ کر ویڈیو پیغام دیتے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت کے ذمے دارعمران خان ہیں، سابق وزیراعظم کی تمام میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کے پاس ہیں، نیب کی حراست میں نواز شریف کی صحت خراب ہوئی، نواز شریف کی صحت پر سیاست کی جاتی ہے، علاج کے بغیر نواز شریف واپس نہیں آئیں گے، آپ نے جو کرنا ہے کریں۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پر شہباز شریف اور (ن) لیگ کا خوف طاری ہے، عوام کو 2 سال سے جاری کرب سے نکالنا نواز شریف کا مقصد ہے۔