وزیراعلی پنجاب کے زیراستعمال ہیلی کاپٹرخزانے پر بوجھ بننے لگے۔عثمان بزدارکے زیراستعمال ہیلی کاپٹرکی چند گھنٹے کی اڑان سے محکمہ خزانہ پریشان ہوگیا، ہیلی کاپٹرکی مرمت کے لیے مزید2 کروڑ 35 لاکھ روپے مانگ لیے گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے زیراستعمال ہیلی کاپٹرخزانے پر بوجھ بننے لگے۔ وی آئی پی فلائٹس سیکشن کی جانب سے ا یک بار پھر محکمہ خزانہ پنجاب سے رجوع کیا گیا ہے کہ وی آئی پی فلائٹس کی مرمت اور دیگرضروری اقدامات کےلیے فنڈز کا اجرا کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خزانہ پنجاب نے یہ ایجنڈا کابینہ کو ارسال کردیا ہے۔ سروس رینڈرڈ،ٹیکس اور ایئرٹرانسپورٹ کی مد میں وی آئی پی فلائٹس کی جانب سے فنڈز مانگے گئے ہیں۔ وی آئی پی فلائٹس کے پائلٹس کونئے کورسز کی تربیت بھی کرائی جائےگی۔
اس سے قبل بھی ہیلی کاپٹر کی مرمت اور پرزوں کے لیے 2 کروڑ 79 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی تھی۔ کاک پٹ کی تبدیلی کے لیے52 لاکھ روپے دیے گئے تھے،جبکہ فلائٹ ڈیٹا ایکوزیشن یونٹ کی تبدیلی پر 2 کروڑ 26 لاکھ روپے اخراجات کیے گئے ہیں۔