ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھال لیں۔
نیول ہیڈ کوارٹر پی این ایس ظفر میں پاک بحریہ کے سربراہ کی کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمان سونپی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی سمیت دیگر چیلنجز کاسامنا ہے۔ ہم نے 3 سال میں خطے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا اور ہم پاک بحریہ کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 4 چینی فریگیٹ آئندہ 2 برس میں پاک بحریہ میں شامل ہوں گے، پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن گیا ہے ، گوادرمیں بحری اڈہ قائم کیا جا رہاہے، میرین ٹریننگ سینٹر کراچی سے گوادر منتقل کردیا گیا ہے۔