اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آئل اینڈگیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کو نئے سی این جی لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے اوگرا کو ری گیسیفائڈ لیکویفائڈ نیچرل گیس (یعنی آر ایل این جی) سے چلنے والے سی این جی اسٹیشنوں کے نئے لائسنس جاری کرنے کی مشروط اجازت دی ہے۔
خیال رہے کہ سی این جی اسٹیشنز کے نئے لائسنس پر 2008 سے پابندی عائد تھی۔
اعلامیے کے مطابق لائسنس حاصل کرنے والے اسٹیشنز مقامی گیس حاصل نہیں کریں گے اورنہ ہی آر ایل این جی کو مقامی گیس میں تبدیل کرنے کا کلیم کرسکیں گے۔
اس حوالے سے سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنماغیاث پراچہ نےکہا ہےکہ نئے سی این جی اسٹیشنز کی اجازت اچھا فیصلہ ہے، اس سے آئل امپورٹ بل میں کمی اور لاکھوں افراد کو روزگار ملےگا۔
غیاث پراچہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے 12 سال بعد نئے اسٹیشنز کے فیصلے سے ماحولیاتی آلودگی پر بھی قابو ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے سوئی سدرن کو منگریوگیس فیلڈ سے8 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ای سی سی کے اجلاس میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹیڈ (ایس این جی پی ایل) کو رہائشی اورکمرشل شعبے میں گیس کمی دورکرنے کے لیے آرایل این جی استعمال کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔