خیبر پختونخوا کی حکومت نے لیجنڈ اداکار دلیپ کمارکا آبائی مکان خریدنے کا اعلان کردیا۔اس حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت فلمی دنیا کے درخشندہ ستارے دلیپ کمار کا چار مرلے کا گھر خریدنے کا عزم رکھتی ہے۔اس مد میں گھر کی خریدوفروخت پر سیکشن فور نافذ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں گھر کو خریدا جائے گا جس کے لیے حکومت فنڈ مہیا کررہی ہے۔ دوسرے مرحلے میں گھر کی مرمت اور اس کی اصلی حالت میں بحالی کا کام ہوگا۔ جس کے بعد بحالی کے منصوبے کے تحت دلیپ کمارکے آبائی مکان کو میوزیم میں تبدیل کردیا جائے گا۔
دوسری جانب پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے گھر کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی اور ڈپٹی کمشنر پشاورنے دلیپ کمار کے گھر پر سیکشن فورعائد کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ نےدلیپ کمارکے گھر کی خرید و فروخت پر پابندی کے لئے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔