وزیراعظم عمران خان نے کمزور اور بے سہارا افراد کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری اداروں، محکموں تک کمزور طبقہ کی رسائی مزید آسان بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر ملک کا سب سے بڑا شکایات کا نظام مکمل فعال ہوگیا، تمام صوبوں میں سیٹیزن پورٹل پرافسران کے 8 ہزار 864 ڈیش بورڈز کو ذمے داری تفویض کر دی گئی۔ وزیراعظم آفس نے ملک بھر کے 8864 سے زائد سرکاری دفاتر کو مراسلہ جاری کر دیا۔ سرکاری افسران کو اپنے ڈیش بورڈز سے کمزور طبقہ کی شکایات درج کرنے کا حکم دے دیا۔ سرکاری افسران کو بزرگ شہریوں، بیوہ خواتین، معذورافراد کی سہولت کیلیے خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا پی ٹی آئی حکومت کا منشور عوام کی عملی خدمت کرنا ہے، سرکاری اداروں کو عوام کی خدمت کے لیے ہر صورت پابند بنایا جائے، گورننس سسٹم کی بہتری عوام اور سرکاری اداروں کے مابین بہتر راوبط سے مشروط ہے۔
پی ایم ڈلیوری یونٹ نے سرکاری اداروں کو ضابطہ اخلاق بھی بھجوا دیے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے تمام وفاقی سیکریٹریز، چیف سیکرٹریز، آئی جیز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ضرورت مند شہریوں کو اپنی شکایات کیلئے متعلقہ ادارے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، کسی بھی قریبی سرکاری دفتر میں عملہ شہری کی شکایات درج کرنے کا پابند ہوگا، سرکاری ادارے شہری کی شکایت فوری متعلقہ محکمہ کو بھیجنے کے پابند ہوں گے، مختلف علاقوں میں موبائل، انٹرنیٹ سہولت نہ ہونے کے باعث فیصلہ کیا گیا، شہریوں کو سہولت سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے۔