اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو جزائر کا معاملہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر طے کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بنڈل آئی لینڈ منصوبے سے سرمایہ کاری اور روزگار کے خاطر خواہ مواقع میسر ہوں گے۔
شہر اقتدار میں وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر پیش رفت کے حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں صوبے کے 2 جزائر سے متعلق صدرارتی آرڈیننس کو چیلنج کر دیا گیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں دائر کردہ درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت دیگر کو 23 اکتوبر تک کے لیے نوٹسز جاری کر دیے گئے۔
ایڈووکیٹ شہاب اوستو نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ صدارتی آرڈیننس غیر آئینی اور غیرقانونی ہے۔
گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں جزیروں کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس کی منسوخی کے لیے قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی تھی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پاکستان کے پانیوں اور حدود میں جزیروں کی ترقی اور منیجمنٹ کے لیے جاری صدارتی آرڈیننس نامنظور کیا جائے۔
رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کی طرف سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی قرارداد پر 7 دیگر پی پی پی اراکین کے دستخط تھے۔
یاد رہے کہ صدراتی آرڈیننس 31 اگست کو جاری اور 2 ستمبر کو گزٹ آف پاکستان میں نوٹیفائی کیا گیا تھا۔