مجھے اپنے خلاف کسی بھی کارروائی کی کوئی پرواہ نہیں، سابق وزیر اعظم
مجھے اپنے خلاف کسی بھی کارروائی کی کوئی پرواہ نہیں، سابق وزیر اعظم

پی ڈی ایم کے لیے خود کو 2 ماہ تک وقف کردیں، شاہد خاقان کی اپیل

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تمام افراد پی ڈی ایم کے لیے خود کو دو ماہ تک وقف کردیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری کسی سے بھی جنگ نہیں ہے۔
شاہد خاقان عباسی پارٹی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان باہر نکلیں کیونکہ ملک مشکل میں ہے۔ انہوں ںے کہا کہ نواز شریف نے راستہ دکھا دیا ہے، اب امتحان ہمارا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کارکنان پی ڈی ایم کے جلسوں کو کامیاب کریں گے۔
ن لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارا بیانیہ بڑا واضح ہے کہ عوم کی امانت ووٹ میں خیانت نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کسی سے جنگ نہیں ہے۔
ن لیگ کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قائد نے ن لیگ کے لیے پالیسی بیان دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جو پالیسی دی ہے وہ پاکستان کی عزت و ترقی کا راستہ ہے۔
سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف کا راستہ عوامی جدوجہد کا راستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے حقوق کے لیے پر امن جدوجہد کا حق آئین دیتا ہے۔