حافظ آباد: پنجاب کے ضلع حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں سے تعلق رکھنے والے چار نوجوان غیر قانونی طور پر ایران کے راستے یورپ جاتے ہوئے ترکی کے بارڈر پر حادثے کا شکار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پنڈی بھٹیاں کے نواحی گاؤں ٹھٹہ لنگر سے تعلق رکھنے والے چاروں نوجوان بہترین مستقبل کی تلاش میں غیرقانونی طور پر یونان جا رہے تھے کہ ایران ترکی بارڈر پر حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق چاروں نوجوانوں میں سے دو کی نعشوں کو واپس پاکستان لایا گیا ہے جبکہ دو کی تلاش جاری ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ چاروں نوجوان ایجنٹ کی غفلت کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اگست میں ترکی نے غیر قانونی طور پر مقیم 30 پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کر دیا تھا۔ پاکستانی شہری پرواز ٹی کے 710 کے ذریعے استنبول سے اسلام آباد پہنچے تھے۔ ایئر پورٹ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے پاکستانیوں کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا تھا۔
اگست میں ہی قطر میں غیر قانونی طور پر مقیم تین پاکستانی شہریوں کو بھی ملک بدر کیا تھا۔ تینوں مسافر قطر سے نجی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 632 کے ذریعے اسلام آباد پہنچے تھے۔