وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی جانب سے خلاف ضابطہ دو سرکاری رہائش گاہوں پر قبضے کا انکشاف ہواہے جس پرقومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی منظوری سے وفاقی وزیرکو لاج خالی کرنے کا خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی جانب سے خلاف ضابطہ دو سرکاری رہائش گاہوں پر قبضے کا انکشاف ہواہے۔ انہوں نے ایک رہائش گاہ کو بطور ممبر قومی اسمبلی اور دوسری کو بطور وفاقی وزیر اپنے استعمال میں رکھاہواہے۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری ایک طرف پارلیمنٹ لاجز میں لاج نمبر E-401پر قابض ہیں تودوسری طرف بطور وزیرانہوں نے منسٹر انکلیو میں بھی گھرالاٹ کروا رکھا ہے جوان کے زیر استعمال ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے نوٹس لے لیا اورفوری طور پروفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کولاج خالی کرنے کیلیے خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر کو منسٹر انکلیو میں گھر آلاٹ ہے جبکہ وفاقی وزیر نے فیملی سوٹ E-401 بھی اپنے قبضے میں رکھا ہوا ہے جو خلاف ضابطہ ہے،پارلیمنٹ لاجز میں فیملی سوٹ کی کمی ہو گئی ہے۔
کچھ ارکان قومی اسمبلی لاج کی الاٹمنٹ کے لیے ویٹنگ لسٹ پر ہیں۔ اس لیے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لاج E-401 خالی کر دیں تاکہ منتظرایم این اے کو لاج الاٹ کیا جا سکے۔خط قومی اسمبلی کے سیکشن آفیسر آصف علی زیدی کی جانب سے لکھا گیا جس کی منظوری ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے دی ہے اور یہ انہی کی ہدایت سے جاری کیا گیا۔