سابق وزیراعظم نوازشریف سمیت لیگی رہنماؤں کیخلاف غداری مقدمے کی تفتیش کیلیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے جس نے کام کا آغازکردیا، ملزمان کی گرفتاری کیلیے سی سی پی او لاہورلائحہ عمل طے کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں کے خلاف غداری اور بغاوت کا معاملہ، آئی جی پنجاب انعام غنی کے حکم پر ایس پی سی آئی اے لاہورکی سربراہی میں 4 افسران پر مشتمل جوائنٹ انویسیٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
ٹیم کے سربراہ ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کمبوہ کے علاوہ ڈی ایس پی شفیق آباد محمد غیاث ، انچارج سی آئی اے اقبال ٹائون انسپکٹر طارق الیاس کیانی اور انچارج انویسٹی گیشن شاہدرہ سب انسپکٹر شبیراعوان شامل ہیں۔
جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے مقدمہ کی تفتیش کا باقاعدہ آغازکردیا تاہم غداری اوربغاوت کے مقدمہ میں تاحال نہ کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے نہ پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔