امریکا نے ایران کے18بینکوں کو بلیک لسٹ کردیا جس سے ایران کی معیشت کو مزید دھچکا لگنے کا قوی امکان ہے۔
غیر ملکی میڈ یا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی سہ پہرامریکی محکمہ خزانہ کے ذریعہ اعلان کردہ نئے اقدامات میں 18 بڑے ایرانی بینکوں کو نشانہ بنایا گیا جو پہلے امریکی پابندیوں کے تابع نہیں تھے۔ یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط شدہ ایک ایگزیکٹوآرڈرکے تحت کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کیا کہا گیا ہے کہ یہ اقدام امریکی ڈالر تک ایران کی غیر قانونی رسائی کو روکنے کے لیے ہے، ایران کیخلاف پابندیوں کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ایران اپنا جوہری پروگرام بند کرکے دہشت گردی کی سرگرمیوں کی حمایت بند نہیں کرتا۔
امریکا کی جانب سے ایران کے بینکوں اور مالیاتی ادروں کو صرف بلیک لسٹ ہی نہیں کیا گیا بلکہ ان کے ساتھ کام جاری رکھنے والے غیر ملکی اورغیر ایرانی مالیاتی اداروں پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکا نے عالمی جوہری معاہدے سے دستبردادی کے بعد سے ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کی ہیں اور رواں برس دونوں کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔