نوازشریف کے ویزے میں مزید توسیع سے برطانوی محکمہ داخلہ نے معذرت کی ہے۔فائل فوٹو
نوازشریف کے ویزے میں مزید توسیع سے برطانوی محکمہ داخلہ نے معذرت کی ہے۔فائل فوٹو

نیب متحرک۔نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخی کی سفارش کردی

قومی احتساب بیور (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخی کی سفارش کردی ۔

ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق نیب راولپنڈی کی جانب سے وزارت داخلہ کو خط موصول ہوا ہے۔

نیب نے خط میں لکھا ہے کہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری عدالت سے جاری ہو چکے ہیں۔ نوازشریف کواشتہاری قرار دینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ نواز شریف کے سفری دستاویزات کو منسوخ کیا جائے۔

نیب نے خط میں کہا ہے کہ نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کو بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے۔ وزارت داخلہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے انٹرپول سے بھی رابطہ کرے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو بذریعہ اشتہار طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم اگر 30 دن کے اندر پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ  نے نوازشریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز سے متعلق اپیلوں پر سماعت کی تھی۔