لاہور: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیانیہ کو غلط قرار دینا ہی جلیل شرقپوری کا قصور تھا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے جلیل شرقپوری کے ساتھ غیرمناسب سلوک کیا۔کس قانون کے تحت اختلاف کرنا جرم ہے اور ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ کہاں گیا ؟
انہوں ںے کہا کہ کیا جلیل شرقپوری ووٹ لے کر نہیں آئے؟ مسلم لیگ ن والے مجھے کیوں نکالا سے انقلاب لانے تک پہنچے اور اب مسلم لیگ ن خود کو انقلاب لانے والی پارٹی کہہ رہی ہے جبکہ ن لیگ عوام کو بے وقوف بنانا چاہتی ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ عدالت سے سزا پر ن لیگ نے بیانیہ شروع کیا کہ مجھے کیوں نکالا اور مجھے کیوں نکالا کے بعد ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگا۔ اختلاف رائے ہرجگہ ہوتی ہے لیکن پارٹی سے نکالنے کا مقصد کیا ہے ؟ کیپٹن (ر) صفدر نے پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی تھی کیا وہ ن لیگ کو یاد نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرے میں اختلاف رائے ہر شخص کا حق ہوتا ہے اور عوام جانتے ہیں چھانگا مانگا میں کیسے ارکان کی خرید و فروخت ہوئی۔ سب جانتے ہیں سپریم کورٹ پر حملہ کس نے اور کیوں کرایا ؟ جبکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں خواتین کو گولیاں مارنے والوں سے بھی سب واقف ہیں۔