کراچی: وفاقی وزیر پیٹرولیم و توانائی عمر ایوب نے کہاہے کہ ملک میں توانائی کی طلب پوری کرنے اور گیس کی پیداوار بڑھانے کے لیے نئے ذخائر دریافت کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
کونسل آف آل پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے تحت منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا کہ نئے ذخائر دریافت ہونے سے آئندہ 5 سال میں گیس کے مقامی ذخائر میں اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں شمال میں گیس کی طلب بڑھنے کے باعث جنوب میں گیس کی کمی کو پورا کرنے کیلیے ایس ایس جی سی ایل سسٹم میں 350 ایم ایم سی ایف گیس فراہم کی جائے گی ،گیس بحران پر قابو پانے کیلیے وفاقی حکومت نے سندھ حکومت سے رائٹ آف وے مانگا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ وفاق صوبوں کی گیس میں کمی چاہتا ہے۔ درحقیقت وفاق قومی طلب و رسد کے مطابق ملک بھر میں گیس کی سپلائی پر یقین رکھتا ہے۔
دریں اثنا عمر ایوب خان نے ندیم بابر اور سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن میاں حیاء الدین کے ساتھ آئل پیئر کا دورا کیا اور لکلونیڈ بلک کارگو کی صلاحیت کی جانچ کی۔ وزیر اور ان کی ٹیم کا یہ دورا بالخصوص کراچی بندرگاہ کی آئل پیئر کی کارگردگی اور پٹرولیم مصنوعات کی ہینڈلنگ کی صلاحیت کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا تھا۔
عمر ایوب اور ندیم بابر نے کراچی بندرگاہ کی موجودہ فیسیلٹی میں دلچسپی لیتے ہوئے کمپنیوں کی جانب سے موصول شکایات کی بابت پوچھا کہ تاخیر ہونے کی وجہ سے ڈیمریج کی پیمنٹ کرنی پڑتی ہے جو کہ کمپنیوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ چیئرمین کے پی ٹی نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی وجہ ڈسچارجنگ ریٹ میں کمی ہے۔