وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قوم کو خوشخبری سنائی ہے کہ پاکستان 13 اکتوبر کے ورچوئل اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گِرے لسٹ سے نکل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 21 نکات پرعمل کرلیا ہے۔
ملتان میں شجاع آباد روڈ پر ترقیاتی کاموں کے افتتاح اور تاجر کنونشن میں تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کو کورونا وبا اور معیشت کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
نہوں نے کہا کہ پاکستان کے اداروں پر نقطہ چینی دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دینے کے مترادف ہے، مجھے امید ہے اپوزیشن دشمن کو تقویت نہیں دے گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ 13 اکتوبرکو ہونے والے ورچوئل اجلاس میں پاکستان گرے لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہہ اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری ہے ، یہ ساتھ رہ ہی نہیں سکتے اگر یہ اسمبلی سے استعفے دیں گے تو نئے الیکشن کرا دیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن کو متنازع بنانے کی کوشش نہ کی جائے، گلگت بلتستان سے سی پیک کا راستہ ہوکرگزرتا ہے، وہاں شرپسندی دشمن کی خواہش ہے۔انہوں نے کہا کہ میری اپوزیشن سے درخواست ہے کہ اگرعوام کا درد ہے تو اپنے فیصلوں پرنظرثانی کریں۔