لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما و سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے ساتھ جنگ میں جیت نہیں سکے گی۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آچکی ہے اور انہوں نے نوازشریف کی آواز پر لبیک کہا ہے، انشاءاللہ یہ تحریک کامیاب ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ن لیگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ نواز شریف نے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کیے۔ نواز شریف نے پاکستان کے لیے جے ایف 17 تھنڈر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں نواز شریف آگے کھڑا تھا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ وہ کیسا غدار تھا جس نے ملک کو دفاعی لحاظ سے مضبوط کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ سب نے وفا کی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دھاندلی کے خلاف کھڑے رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی ہر بیماری کا علاج ووٹ کو عزت دو کے نعرے میں چھپا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی عزت کو پامال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں مہنگائی بڑھی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا مقدمہ گلی گلی اور گھرگھر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب قربانی کا وقت آئے گا تو آپ مریم کو پہلی صف میں دیکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی نواز شریف پر امتحان کا وقت آیا تو اللہ تعالیٰ نے ان کی مدد کی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں۔