خیرپور میں پسند کی شادی کرنے والی دو بہنوں نے الزام لگایا ہے کہ جرگے نے انہیں شوہروں سمیت قتل کرنے کا حکم سنادیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق متاثرہ بہنوں نے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ خیرپورکے گوٹھ خاوند ملاح میں وڈیرے نے جرگہ کرکے پسند کی شادی کرنے پرانھیں شوہروں سمیت قتل کا حکم سنایا ہے، جبکہ 40،40 لاکھ روپے جرمانہ اورخاوند کے خاندان کی 2 لڑکیوں کی زبردستی شادی کا بھی حکم دیا ہے۔
خواتین نے اعلیٰ حکام سے تحفظ فراہم کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مدد کرنے والوں کے گھر اور فصلوں کو نقصان پہنچایاگیا ہے، ہم نے پسند سے شادی کی ہے، تحفظ دیا جائے۔
دوسری جانب سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس ایس پی) امیرسعود کے مطابق لڑکیوں کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، متاثرہ لڑکیاں درخواست دیں تاکہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ایس ایس پی امیر سعود کا یہ بھی کہنا تھاکہ ابتدائی تفتیش میں جرگے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔