وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا کہ موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم گرفتار ہو چکا ہے اور ملزمان کی گرفتاری پرآئی جی پنجاب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب انعام غنی نے عابد ملہی کی گرفتاری سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کے لیے 9 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ عابد ملہی گرفتاری سے بچنے کے لیے مقامات بدلتا رہا۔ وہ فورٹ عباس، چنیوٹ، مانگا منڈی سمیت مختلف اضلاع میں گیا اس دوران عابد ملہی کے ساتھی بالا مستری نے اس کو اطلاع کر دی تھی کہ تصویر ٹی وی پر چل رہی ہے جس کی وجہ سے ملزم کی گرفتاری میں تاخیر ہوئی۔
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ عابد ملہی کئی روز تک چنیوٹ میں ایک زمیندارکے ڈیرے پر روپوش رہا تاہم عابد ملہی کو اس کے سالے کے موبائل نمبرکی مدد سے ٹریس کیا گیا۔انہوں ںے کہا کہ عابد ملہی نے اپنے سالے کا موبائل استعمال کر کے پھینک دیا تھا۔