اسلام آبادہائیکورٹ نے نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن سے فیصل واوڈاکے کاغذات نامزدگی سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کرلیا،عدالت نے کہاکہ فیصل واوڈا کی عدم موجودگی پر بھی کیس کی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نااہلی کیلیے کیس کی سماعت ہوئی ،وکیل جہانگیر جدون نے کہاکہ فیصل واوڈا نے عدالت کامذاق بنایا ہواہے اور وہ عدالت پر ہنستے ہیں۔
جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ یہ قانونی معاملہ ہے، ہم اسے سیاسی نہیں بنائیں گے،اگرعدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی تو ہمیں معلوم ہے کیسے دیکھنا ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے وکیل الیکشن کمیشن سے سوال کیا کہ کیاآپ کے پاس ساراریکارڈ موجود ہے؟،وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ کاغذات نامزدگی سمیت ساراریکارڈموجود ہے،جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ جو کیس ہے الیکشن کمیشن کے ریکارڈ سے دیکھ لیتے ہیں ۔
عدالت نے الیکشن کمیشن سے فیصل واوڈاکے کاغذات نامزدگی سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کرلیا،عدالت نے کہاکہ فیصل واوڈا کی عدم موجودگی پر بھی کیس کی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی، کیس کی مزید سماعت4 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔