پاکستان نے بھاری اکثریت سے آئندہ تین سال کیلیے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوکر ایک اور سفارتی کامیابی حاصل کرلی۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان نے ریکارڈ ووٹ حاصل کیے اور191 میں سے 169 ووٹس لینے میں کامیاب ہوا۔ پاکستان نے ایشیا پیسیفک ریجنل میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو اتنی کثیر تعداد میں ووٹوں کا ملنا،عالمی سطح پر پاکستان کی پالیسیوں پراعتماد کا اظہارہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور انسانی حقوق کی پاسداری کیلیے آواز بلند کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کونسل، اقوام متحدہ کا ایک انتہائی اہم فورم ہے. اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے ہماری درخواست پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نہ صرف نوٹس لیا بلکہ ان مظالم کو رپورٹس کی شکل میں مرتب کیا اور بھارت کے غیر قانونی اقدام کا پردہ چاک کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا پاکستان، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے پلیٹ فارم پر مقبوضہ کشمیرکے مظلوم باسیوں سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔