جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ ہماراحکمران عالمی اسٹیبلشمنٹ کا نمائندہ اوردھاندلی کی پیداوار ہے اس کے خلاف ہمارا اعلان بغاوت ہے، ہم اسے سمندربرد کریں گے۔
چارسدہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ تحریک چل پڑی، 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں عوام کا سمندر ہوگا، حکمران دسمبر نہیں دیکھ پائیں گے، ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، دھاندلی کی نہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے اس ملک کی آزادی کے لیے قربانیاں دیں اورانگریزکے خلاف جدوجہد کی، ہم اسے راستے کے راہی ہیں اور وہی تحریک چلاتے ہوئے عالمی اسٹیبلشمنٹ سے پاکستان کونجات دلائیں گے، یہ 22 کروڑعوام کا ملک ہے جسے عالمی اسٹیبلشمنٹ کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے، ہماراحکمران اسی اسٹیبلشمنٹ کا نمائندہ اوردھاندلی کی پیداوار ہے اس کے خلاف ہماراعلان بغاوت ہے، ہم اسے سمندربردکریں گے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک کوتباہی کے دھانے پرلاکھڑاکیا ہے، غریب کاجینا دو بھر ہوچکا ہے، لوگ اپنے بچے فروخت کرنے پرمجبورہوگئے ،دوسری جانب ہم خطے میں تنہائی کاشکار ہیں، ان حکمرانوں کی کرسی کی کوئی اہمیت نہیں، ان کی حکمرانی کو مسترد کرتے ہیں، پس پشت قوتیں بھی اپنے مستقبل کے لیے ان کی پشت سے ہٹ جائیں، حکمرانوں کو لانے والے معافی مانگیں اوراداروں کومتنازعہ نہ بنایاجائے۔
سربراہ جے یوآئی نے کہا کہ ,ہم ترنوالہ نہیں لوہے کے چنے ہیں، حکومت مخالف تحریک کااعلان ہوچکا ہے، پورے ملک میں جلسے ہوں گےاور یہ احتجاج حکومت کے خاتمے پررکے گا، حکمران دسمبر نہیں دیکھ پائیں گے۔