پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پلوشہ خان نے ٹائیگر فورس کو بھتہ خورفورس قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ان کاکوئی ریکارڈ نہیں، پیپلز پارٹی ٹائیگرفورس کے قیام کوعدالت میں چیلنج کرے گی اورتاجروں،شہریوں کوان غنڈوں سے نجات دلائیں گے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا کہ غداری کے میڈل بانٹنے والوں کو بدین اورعمرکوٹ کے لوگوں کی تکلیف نظرنہیں آتی ہے،گوجرانوالہ میں ہمارے دفاترپرتالے لگادیے گئے ہیں،حکومت جو مرضی کرے سولہ اکتوبراوراٹھارہ اکتوبرکوعوام کا سمندر ہو گا ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں، حکومتی جبرکا مقابلہ کریں گے۔
پلوشہ خان نے کہا کہ ٹائیگر فورس کو کس قانون کے تحت گھروں اوردفتروں میں گھسنے کی اجازت دی گئی ہے؟، دریں اثنا سابق وزیراعلیٰ سندھ و سابق صوبائی صدر پیپلز پارٹی سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ 18 اکتوبرکو پیپلزپارٹی کے کارکن اپنی مثبت سیاست کے ذریعے منفی و نفرت انگیز سیاست کرنے والوں کی منفی سیاست کو دفن کردیں گے۔