کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) نے موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کے بعد اس کی فیملی کے زیرحراست تمام افراد کو چھوڑ دیا۔
گزشتہ دنوں موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد کو گرفتار کیا گیا جس کے حوالے سے اس کے والد اکبر علی ملہی نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس کے زیر حراست اپنے بچوں، بہو اور رشتہ داروں کو چھڑانے کے لیے عابد کو پولیس کے حوالے کیا۔
اکبر علی نے مطالبہ کیا تھا کہ عابد کی گرفتاری کے بعد ان کی خواتین کو حراست میں رکھنے کا جواز نہیں، انہیں رہا کیا جائے۔
اب سی آئی اے ماڈل ٹاؤن پولیس کاکہنا ہے کہ عابد کی گرفتاری کے لیے اس کے 7 رشتے داروں کو حراست میں لیا گیا تھا جنہیں رہا کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عابد کی فیملی کا اب کوئی فرد زیر حراست نہیں۔
مرکزی ملزم کی فیملی کی خواتین سمیت 7 افراد کو ایک ماہ سے پولیس نے حراست میں رکھا ہوا تھا اور ان کے موبائل فونز بھی پولیس کے قبضے میں تھے۔