کراچی: زر مبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر کو تنزلی کا سامنا رہا اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 4 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔
ذرائع کے مطابق ملک میں 4 ماہ سے 2 ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر کی آمد، جی 20 ممالک کی جانب سے پاکستان کے لیے قرضوں کی موخر ادائیگی کی مدت دسمبر 2020ء سے بڑھا کر جون 2021ء تک توسیع دینے اور حکومت کی جانب سے ٹیکس ترغیبات اور قرضوں کی سہولت دینے کی اسکیم سے پراپرٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے غیر ظاہر شدہ زرمبادلہ کی فروخت بڑھنے کے باعث ڈالر کی قدر چار ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔
مارکیٹ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ڈالر کے انٹربینک ریٹ 163 روپے سے بھی نیچے آگئی ہے اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 62 پیسے کی کمی سے 162 روپے 86 پیسے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی 30 پیسے کی کمی سے 163 روپے 40 پیسے پر بند ہوئی۔