راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مستقبل کی جنگوں میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین تربیت لازم ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل سیّد محمد عدنان نے استقبال کیا۔
آرمی چیف نے بہاولپور گیریژن میں جوانوں اور ان کے خاندانوں کے لیے سولجر کلب کا بھی افتتاح کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بہاولپور کور کے آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے جوانوں کی اسنائپر ٹریننگ کا معائنہ کیا۔
اسنائپر ٹریننگ کے دوران جوانوں نے 15 سو میٹر تک فاصلے پر کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا جس پر سپہ سالار نے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔
آرمی چیف نے کہا کہ مستقبل کی جنگوں میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین تربیت لازم ہے، جوانوں کی صلاحیت بڑھانے کے لیے بہترین تربیت اہم کردار کرتی ہے، چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بہترین تیاری ضروری ہے۔