پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ کے گوجرانوالہ جلسہ میں جانے والے قافلوں کو روکنے کیلیے پولیس نے پلان تیار کرلیا۔ شہرکے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا۔24 مقامات پر ناکہ بندی کردی گئی، پولیس کی 45 موبائل ٹیمیں گشت بھی کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم کی طرف آنے والے راستے کہیں خار دار تاراور کہیں کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے ہیں۔گل روڈ، منیر چوک، سیالکوٹ روڈ اور گوندنوالہ پھاٹک پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں۔
سیٹلائٹ ٹاؤن سے آنے والی سڑکوں پر بھی مزید کنٹینرز لگادیے گئے ہیں، جس کے باعث جناح اسٹیڈیم کی طرف پیدل آنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔
گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم کے قریب ڈی ایچ کیو اسپتال جانے والے راستے بھی بند کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو اسپتال پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے سیکریٹریٹ کو سیل کردیا گیا ہے۔ماڈل ٹاؤن 180 ایچ کے اطراف کنٹینر لگا دیئے گئے ہیں۔
کنٹینر لگنے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جلسہ گوجرانوالہ میں ہے لیکن کنٹینرز لاہور میں لگائے گئے ہیں۔
ڈارائیورزنے بتایا کہ پولیس شناختی کارڈز، گاڑیوں کے لائسنس اور چابیاں ساتھ لے گئی ہے۔ پولیس نے گزشتہ رات رائیونڈ سے گاڑیوں کو پکڑا تھا اور ماڈل ٹاؤن میں لاکر کھڑا کردیا گیا ہے۔
ماڈل ٹاؤن جانے والی مرکزی شاہرہ کو کنٹینر لگا کر بند مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ہم نیوز کے مطابق ن لیگ نے اپنے رہنماؤں کا جاتی امرا پہنچنے کی ہدایت کی گئی اور ماڈل ٹاؤن کا سیکٹریٹریٹ آج بند رہے گا۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ رات دس بجے تک یہاں کوئی گاڑی نہیں تھی صبح تمام اہم راستوں پر کنٹیر لگے ہوئے تھے۔
ادھر نارووال میں انتظامیہ و پولیس کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کر کے شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے گئے ہیں، جبکہ شکر گڑھ سے شاہ غریب جانے والی سڑک بھی بند ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسہ کے لیے جناح سٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ سٹیڈم میں قائدین کے بیھٹنے کیلیے 80 فٹ لمبا اور24 فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں لائٹس لگا دی گئیں۔
اسٹیڈیم کے چاروں اطراف پی ڈی ایم کے قائدین کے بڑے بڑے فلیکسز آویزاں کر دیئے گئے۔ جناح سٹیڈیم کی طرف آنے والے راستوں پر کنٹینرز کھڑے کے راستے بند کر دیئے گئے۔ 32 مقامات پر کنٹینرز کھڑے کیے گئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں ہونے والی تمام سرکاری ملاقاتوں کا ایجنڈا پی ڈی ایم کا گوجرانوالہ کا جلسہ ہے ۔مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پی ڈی ایم کو جلسے سے روکنےکے لیے سڑکوں پر کنٹینر لگا رہی ہے۔