وزیرقانون راجہ بشارت نے کہا پی ڈی ایم کی خواہش پر جلسے کی اجازت دی گئی، جلسے پر معاہدے کے مطابق عمل نہ ہوا تو قانونی کارروائی کریں گے۔
وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن عوام کی جانوں کو خطرےمیں نہ ڈالے، کوویڈ ایکٹ کے تحت جلسے پر پابندی لگا سکتے تھے، اپوزیشن کو قومی ذمے داریوں کا بھی احساس کرنا چاہیئے، ملک میں کورونا کیسزکی تعداد بڑھ رہی ہے، ہمیں تحریری طورپرکہا گیا شرکا کو ماسک، سینیٹائزر فراہم کریں گے، دیکھتے ہیں جلسے کے منتظمین کس حد تک ایس او پیزپرعمل کرتے ہیں۔
راجہ بشاورت کا کہنا تھا کہ تحریری معاہدہ کرکے گرفتاریوں کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جلسہ گاہ میں لاکھوں لوگ جمع ہوں گے، چرچہ کیا جا رہا ہے کہ یہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، اگرکوئی سمجھتا ہے کہ 30 ہزارکی گنجائش والے اسٹیڈیم میں جلسہ کرکے تاریخ کا بڑا جلسہ قرار دے گا، یہ اس کی خام خیالی ہے۔