جے یوآئی(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہماری تحریک کا آغازآج گوجرانوالہ سے ہوگا،کسی سے ذاتی دشمنی نہیں،ہم ایک ناجائز پارلیمنٹ کو ہٹانے کے لیے نکلے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے جامعہ اشرفیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مشکلات کا سامنا ہے،موجودہ حالات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت کو دسمبر نصیب نہیں ہوگا۔
مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ حالات تبدیل ہوگئے اب تو حکمران ہم سے این آراو مانگ رہے ہیں،ہم نہیں دے رہے۔
سربراہ جے یوآئی نے کہاکہ پاکستان مغربی آقائوں کا نہیں، صرف پاکستانیوں کا ہے۔ موجودہ پارلیمان عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے وجود میں آئی، پاکستان عالمی اسٹیبلشمنٹ کی حکرانی کیلیے وجود میں نہیں آیا۔
مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ حکمرانوں کے مغرب کے بنے ہوئے ہیں ،ہم پر حکومتیں مسلط کر دی جاتی ہیں، ان حالات میں سوچنا ہو گا۔مذہب کے خلاف اسلام دشمن قوتوں اور فتنوں کو فروغ دیا جاتا ہیہ سب جانتے ہوئے بھی اگر ہم خیرکی توقع رکھتے ہیں تو ہماری سادگی پر بھی سوال اٹھتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ بات اب ان ہاؤس تبدیلی سے آگے نکل گئی ہےاب عام انتخابات ہونے چاہییں، عوام کو اپنا فیصلہ خود کرنے دیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عہدوں کے لیے پی ڈی ایم میں نہیں، مقصد کے لیے پی ڈی ایم کا حصہ ہیں،ہمارا ابھی رکاوٹوں سے سامنا نہیں ہوا اور ہوگا بھی نہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ نفرتوں سے خون خرابہ ہوگا اور پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، فرقہ واریت کو سیاسی عمل کنٹرول کرسکتا ہے اور خلیج پاٹ سکتا ہے،سیاسی عمل کو آگے بڑھائیں اس کے طاقت پکڑتے ہی فرقہ واریت تحلیل ہوجائیگی۔