گجرانوالہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کا میدان تیار ہے اور ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز تقریباً 7 گھنٹے بعد جاتی عمرہ سے جلسہ گاہ پہنچیں۔مریم کے آتے ہی جلسہ گاہ نعروں سے گونج اٹھا، ان کے ہمراہ ن لیگ کی اعلیٰ قیادت بھی موجود تھی۔
مریم نواز کے جلسہ پہنچنے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ بلاول بھٹو کے اسٹیج پر پہنچنے پر مریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔
اب مولانا فضل الرحمٰن بھی جلسہ گاہ پہنچ گئے ہیں، مریم نواز اور بلاول بھٹو نے پی ڈی ایم سربراہ کا اسٹیج پر استقبال کیا۔
پی ڈی ایم کے جلسے سے مریم نواز، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین بھی خطاب کریں گے۔
رہنما ن لیگ احسن اقبال کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم نے ملک سے دہشت گردی ختم کی، نواز شریف کے دور میں آٹا 32 روپے کلو چینی54 روپے کلو ملتی تھی۔
احسن اقبال نے کہا کہ منہگائی سے نجات حاصل کرنی ہے تو اس مشن کا حصہ سب کو بننا ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما جاوید ہاشمی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ووٹ کی عزت مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہتے تھے تبدیلی آچکی ہے، پاکستان کی گلیوں میں دیکھو لوگ غریب ہوگئے۔