وزیراعظم عمران خان آج اسلام آباد میں ٹائیگر فورس رضا کاروں کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں رضا کاروں کو روٹ میپ دیا جائے گا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ کرونا سے بچاو کیلئے ٹائیگر فورس کا کردار اہم ہے۔ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہیں۔
اجلاس میں کرونا کی وبا سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد پر بھی زور دیا جائے گا۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔ اپوزیشن کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ٹائیگر فورس ایک نظریہ کا نام ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو قومی سطح کی سرگرمیوں میں موقع فراہم کیا۔ ٹائیگر فورس ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے چند روز قبل اپنے خطاب میں کہا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ ٹائیگر فورس روزانہ کی بنیاد پراشیا خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لے اور اپنے علاقوں میں قیمتیں چیک کرکے پورٹل پرپوسٹ کرے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس میں دالیں، سبزیاں، گھی ، چینی اور آٹا بھی شامل ہے۔