تمام اداروں کو آئین کی حدود میں کام کرنا ہوگا،پی پی رہنما شہلا رضا
تمام اداروں کو آئین کی حدود میں کام کرنا ہوگا،پی پی رہنما شہلا رضا

کراچی:پی ڈی ایم کے جلسے میں ایک لاکھ افراد لانے کا دعویٰ

کراچی میں اتوار 18 اکتوبر کو کراچی کا جلسہ کامياب بنانے کيلئے پيپلز پارٹی نے تیاریاں شروع کردیں۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے جلسے میں 1 لاکھ افراد کو لانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
کراچی کے باغ جناح میں جلسے کیلئے 3اسٹيج تيار کئے گئے ہیں۔ مرکزی قيادت کيلئے الگ اور مقامی رہنماؤں کيلئے عليحدہ اسٹيج تیار کیا جائے گا۔ پاکستان ڈیموکریٹ مومنٹ کے جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔
جلسہ گاہ میں کرسیاں لگانے کا عمل جاری ہے، جسے آج شام تک مکمل کرلیا جائے گا۔ جلسہ گاہ میں جگہ جگہ اسکرین اور اسپیکر بھی نصب کیے گئے ہیں۔ پنڈال کے اطراف اور اندر بلاول بھٹو اور مریم نواز کی تصاویر والے پوسٹرز بھی لگائے گئے ہیں۔
جلسے سے متعلق پی پی رہنما شہلا رضا کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا 26 نکاتی ایجنڈا ہے۔ اس ملک کو آئین کے حساب سے چلایا جائے گا۔ تمام اداروں کو آئین کی حدود میں کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت اس ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا رہی ہے۔
جلسے کیلئے اسٹیج، پارکنگ، وی آئی پیز کی آمد سے متعلق بھی حتمی پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ میڈیا سمیت تمام دیگر امور کیلئے بھی سيکيورٹی انتظامات طے کیے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ کی مکمل تیاری کا عمل آج 17 اکتوبر کی شام تک کرلیا جائيگا۔
کراچی میں ہونے والے باغ جناح کے جلسے کیلئے 180 فٹ لمبا، 60 فٹ چوڑا اور 20 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ اسٹیج کے 3 حصے ہیں، مرکزی اسٹيج کا درميانہ حصہ 100 فٹ لمبا اور 20 فٹ اونچا ہے۔ اسٹیج پر پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین ہونگے۔ خواتین شرکاء جلسہ گاہ کے سب سے آگے حصہ میں ہونگی اور ان کیلئے راستہ بھی علیحدہ ہوگا۔ مرکزی اسٹیج کے ساتھ ہی دونوں اطراف 40 فٹ لمبائی اور 10 فٹ اونچائی والے 2 اسٹیج صوبائی اور ضلعی قیادت کیلئے مخصوص ہوں گے۔
گراؤنڈ میں وی آئی پیز کیلئے داخلے اور ان کی گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیج کے قریب رکھی گئی ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سعید غنی نے بتایا کہ مرد شرکاء گراؤنڈ میں 3 داخلی راستوں، جب کہ میڈیا گراؤنڈ کے دوسری جانب سے مخصوص راستہ سے داخل ہوسکیں گے۔ سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ گراؤنڈ میں پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے والینٹرز متعین کئے جائیں گے، جن کو مخصوص کارڈز پہلے ہی جاری کردئے گئے ہیں۔ شرکاء کیلئے پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کیلئے گراؤنڈ میں مختلف مقامات پر سبیلیں لگائی گئی ہیں۔
کراچی کے باغ جناح میں پاکستان ڈیموکریٹ موؤمنٹ کے جلسے کیلئے خصوصی ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے، جب کہ جلسے ميں شرکت کرنيوالوں کی تو کراچی ٹريفک پوليس شرکا کيلئے خصوصی پارکنگ کا بندوبست کيا ہے۔
۔1 نشترپارک
۔2. طائی کراٹے گراؤنڈ
۔3 شارع قائدین نزد خدادا کالونی انڈر پاس
۔4 کوریڈور تھری ریزیڈنٹ انجینیر مزار قائد،،،، يہاں جلسے کے شرکا اپنی گاڑياں کھڑی کرسکيں گے۔
بيرون شہر سے آنيوالے قافلے سہراب گوٹھ ، واٹر پمپ، لیاقت آباد ڈاک خانہ، گرومندر سے نشتر پارک یا طائی کراٹے کا راستہ لے سکتے ہيں۔
عوام الناس کيلئے گرومندر، جمشید روڈ اور تین ہٹی سے نمائش کا راستہ بند ہوگا۔ شاہراہ قائدین سے آنے والی ٹریفک کو نورانی سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یونیورسٹی روڈ سے آنے والے ٹریفک کو جیل چورنگی سے بائیں جانب شہید ملت کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
ریگل سے نیو ایم اے جناح کوریڈور تھری تک عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ناظم آباد اور تین ہٹی سے گرومندر تک صرف چھوٹی گاڑيوں کو انے کی اجازت ہوگی۔ ہیوی گاڑیاں نشترروڈ کا راستہ اختیار کریں۔
لیاقت آباد نمبر 10 سے تین ہٹی اور گرومندر ، اسی طرح شاہراہ قائدین سے سوسائٹی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔