لندن کی عدالت نے متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم لندن) کے زیر استعمال چھ جائیدادوں کو ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
برطانوی عدالت میں ایم کیوایم پاکستان نے وکلا ٹیم کے ذریعے لندن ہائیکورٹ میں کیس دائرکیا تھا،عدالتی کیس میں بانی قائد اورایم کیو کیوایم لندن الطاف حسین کے زیراستعمال پراپرٹیز کی ملکیت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لندن ہائیکورٹ نے ٹھوس شواہد کی روشنی میں بانی قائد اور ایم کیو ایم لندن کے زیراستعمال چھ جائیدادوں کو ضبط کرنے کا حکم سنا دیا۔عدالتی حکم کے مطابق ضبط شدہ جائیدادیں فروخت نہیں کی جاسکتیں۔ ضبط شدہ جائیدادوں میں رہائش رکھی جاسکتی ہے مگراس کا کرایہ ادا کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ 9 ستمبر کو ایم کیوایم پاکستان نے لندن میں پارٹی پراپرٹیز کے حصول کے لیے قانونی کارروائی شروع کردی تھی۔ایم کیو ایم کے بانی اور ان کے بھائی سمیت دیگر پانچ افراد کے خلاف لندن ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی تھی۔