پیپلز پارٹی نے مریم نواز کے لیے خصوصی بم پروف گاڑی بھیجی ہے۔فائل فوٹو
پیپلز پارٹی نے مریم نواز کے لیے خصوصی بم پروف گاڑی بھیجی ہے۔فائل فوٹو

مریم نواز شرجیل میمن کی بم پروف گاڑی میں مزار قائد روانہ

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ٹی ایم) کی حکومت ہٹاؤ تحریک کے دوسرے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی پہنچنے والی مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز پی پی رہنما شرجیل میمن کی بم پروف گاڑی میں سوار ہو کرقافلے کی صورت میں مزارِ قائد کی جانب رواں دواں ہیں۔

پیپلز پارٹی نے مریم نواز کے لیے یہ خصوصی بم پروف گاڑی بھیجی ہے، جس میں بیٹھ کر مریم نواز کراچی ایئر پورٹ سے ریلی کی شکل میں روانہ ہو گئیں۔

مریم نوازکا قافلہ کارسازکے قریب پہنچ گیا کارکنوں کا جوش و خروش عروج پرہے،قافلے پرجگہ جگہ گل پاشی کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 303 کے ذریعے لاہور سے کراچی پہنچیں۔مریم نواز کی گاڑی نون لیگ کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر ڈرائیو کر رہے ہیں۔

مریم نواز کے ہمراہ ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے علاوہ نون لیگی رہنما شاہ محمد شاہ بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ٹی ایم) کی حکومت ہٹاؤ تحریک کا دوسرا جلسہ آج ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہو رہا ہے۔