سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی میزبانی میں آج پی ڈی ایم کا جلسہ تاریخ ساز ہوگا،جیالے کارکنان آج اپنے محبوب چیئرمین بلاول بھٹو کا والہانہ استقبال کرینگے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک نااہلوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔پارلیمان کی باغی اور جمہوریت کے نام سے ناآشنا پی ٹی آئی رخت سفر کی تیاری شروع کردے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملکی عوام کو تاریخی کمر توڑ مہنگائی کا شکار کیا۔مافیاز کی حمایت کرنے والی حکومت کے دن گنے جاچکے۔باغ جناح اور اطراف کی سڑکوں پر تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوگی۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ جمہوریت پسند سیاسی کارکنان کورونا ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے جلسہ عام میں شریک ہونگے۔جمہوریت سے نابلد، طاقت کے نشے میں اندھے لوگ سیاسی جلسوں کو روکنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ فاشسٹس کا ٹولہ ہے۔ نااہل جان لیں بلاول بھٹو اس ملک کا سنہری مستقبل ہیں۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں بہت جلد ملک میں ایک نئے دورکا آغاز ہوگا۔ملک کے غریب اورغیورعوام بلاول بھٹو کو نجات دہندہ تصورکرتے ہیں۔