باغ جناح میں اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے احتجاجی جلسے میں شرکا کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے مطابق جلسے سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی، جس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز، ایمل ولی خاں، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، شاہ اویس نورانی، علامہ ساجد میر، ڈاکٹر عبدالمالک، افتخارحسین، امیرحیدرخان ہوتی، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی اور دیگر خطاب کریں گے۔
جلسے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پنڈال میں 50 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں، جلسہ گاہ کے پانچ مرکزی دروازے ہیں جس میں تین مردوں کے لیے، ایک خواتین اور ایک دروازہ مرکزی قائدین کی آمدورفت کے لیے مختص ہے۔ جلسہ گاہ میں تمام جماعتوں کے پرچم اور خیر مقدمی بینر آویزاں کیے گئے ہیں۔
جلسہ گاہ میں ساؤنڈ اور لائٹنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جلسے کا اسٹیج کنٹینر سے بنایا گیا ہے جو 20 فٹ اونچا، 160 فٹ چوڑا اور 160 فٹ لمبا ہے۔ جلسہ گاہ میں پیپلز پارٹی کے 15 سو ورکرز ڈیوٹی انجام دیں گے۔