وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عدلیہ کو وزیراعظم کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے،پروڈکشن آرڈر جاری کرنا وزیراعظم کا کام نہیں، وہ مہنگائی سے عوام کو نجات دلائیں اوراسپیکر اسمبلی کو اپنا کام کرنے دیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا اب کیسز تیزی سے چلیں گے، کیا وہ عدلیہ پ الزام لگا رہے ہیں؟ عدلیہ کو وزیراعظم کے اس بیان کا نوٹس لینا چاہیے،وزیراعظم نے عدلیہ پرالزام عائد کر دیا کہ میں تیزی سے کام کراؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جزائر پرآرڈیننس غیر آئینی ہے،سندھ کابینہ نے آرڈیننس واپس لینے کے لیے وفاق کو خط بھی لکھا ہے، صوبے کے لوگ اپنی زمین پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اندر سے گھبرائے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
اُنہوں نے خود کہا کہ اب اصلی وزیراعظم سامنے آئے گا، وہ خود مان گئے پہلے نقلی وزیراعظم تھے۔ملک کی معاشی صورتحال اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں پربات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بے حس حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کیا ہے،عوام پس کر رہ گئی ہے، پاکستان کے عوام ظلم اور مہنگائی کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔