گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو ہونے والے پی ڈی ایم جلسے میں کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی اور سڑکیں بلاک کرنے پرانتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق جناح اسٹیڈیم میں پی ڈی ایم کے جلسے کی انتظامیہ کے خلاف تھانہ سول لائن میں سرکارکی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی خرم دستگیر، محمود بشیر ورک اور ن لیگ کے سٹی صدر سلمان خالد بٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں 100 سے زائد نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مقدمے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی ایم) کے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے کے لیے پی ڈی ایم اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا، پی ڈی ایم قیادت نے معاہدے کی پاسداری کا یقین دلایا تھا۔