وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی کو قابو کرنے سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کے لیے ٹائیگر فورس کو پہلا ٹاسک مل گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگرہم نے ذخیرہ اندوزی پر قابو پالیا تو صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی اورانتظامیہ یقینی بنائے کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصرکے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں پائلٹ پراجیکٹ اسلام آباد سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اورابتدائی طورپراسلام آباد کی 9 ہزار دکانوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ٹائیگر فورس کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر کے ساتھ مل کر نشاندہی کریں گے۔
سلام آباد کی تمام دکانوں پر ریٹ لسٹ اور اوور چارجنگ کی مانیٹرنگ کی جائے گی اورٹائیگر فورس ضرورت سے زائد سٹاک یا ذخیرہ اندوزی کی فوری نشاندہی کرے گی۔ ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر ضلعی انتظامیہ فوری کارروائی کرے گی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ کارروائیوں کی رپورٹ براہ راست وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی جبکہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے یا اوور چارجنگ کی صورت میں دکانداروں کو بھاری جرمانے ہوں گے۔