جن افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ان میں اسٹور انچارج اور آڈٹ افسران بھی شامل ہیں، ایف آئی اے حکام
جن افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ان میں اسٹور انچارج اور آڈٹ افسران بھی شامل ہیں، ایف آئی اے حکام

یوٹیلیٹی اسٹورز کرپشن،7 افسران کیخلاف مقدمہ درج،2گرفتار

رپورٹ عمران خان
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے یوٹیلیٹی اسٹورز ڈپارٹمنٹ میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر تحقیقات میں ثبوت اور شواہد سامنے آنے پر ڈپارٹمنٹ کے 7 افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ابتدائی کارروائی میں 2 افسران کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے، جن افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ان میں اسٹور انچارج اور آڈٹ افسران بھی شامل ہیں۔

ایف آئی اے حکام کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورافسران کے خلاف درج  ایف آئی آر کا عکس
ایف آئی اے حکام کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورافسران کے خلاف درج ایف آئی آر کا عکس

ایف آئی اے حکام کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ منیر احمد شیخ کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الرؤف شیخ کی سربراہی میں سب انسپکٹر شبیر چانڈیو اور ٹیم نے یوٹیلیٹی اسٹورز ڈپارٹمنٹ میں 2 کروڑ روپے کی کرپشن کی انکوائری میں ثبوت اور شواہد سامنے آنے پر ڈپارٹمنٹ کے دو افسران احمد فراز اور ذوالفقار علی سومرو کو گرفتار کرکے ڈپارٹمنٹ کے 7 افسران کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 22/2020 درج کرلیا جس میں دیگر افسران سید دانش، منصور احمد، منیر احمد، شاہد مرتضیٰ اور نسیم افسر کو نامزد کرکے ان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی ہے۔
ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ملی بھگت کے ذریعے غریب شہریوں کے لئے حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز ڈپارٹمنٹ کو دئیے جانے والے سامان اور فنڈز میں 2 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد کی کرپشن کی ہے۔