کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ریڈیو پاکستان کے 749 ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئںدہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی جو اقتدار میں آکر برطرف ملازمین کو مراعات کے ساتھ بحال کرے گی۔
اپنے جاری بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے فقط ریڈیو پاکستان کے 749 ملازمین کو برطرف نہیں کیا ، بلکہ انہوں نے بیک جنبش قلم 749 خاندانوں کے چولہے بجھا دیئے، اس سے قبل پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے 450 ملازمین کو بھی فارغ کردیا گیا تھا جبکہ پاکستان اسٹیل کے 9 ہزار سے زائد ملازمین کا روزگار بھی حکمرانوں کی آنکھ میں کھٹک رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتیں بھی وفاقی حکومت سے کسی طرح کم نہیں، جو آئے روز سرکاری محکموں سے چھانٹیاں کرتی رہتی ہیں، جب وفاقی حکومت ہی بلاجواز اپنے ملازمین کو فارغ کرنے لگ جائے، تو خانگی سیکٹر میں کام کرنے والے ملازمین کی نوکریوں کا غیرمحفوظ ہونا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی حالت دگرگوں ہے اور ایسے وقت میں ملازمین کو نوکریوں سے نکالنا آئی ایم ایف سے وفاداری نبھانے کے علاوہ اور کچھ نہیں، نااہل و نالائق حکمران مثالیں تو ریاستِ مدینہ کی دیتے ہیں لیکن ان کے کام مسولینی اور ہٹلرسے بھی بدتر ہیں، جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی ہے عوام اچھی خبر سننے کو ترس گئے ہیں۔
انہوں نے کہا نالائق حکمرانوں کے گھر جانے کا وقت قریب ہے، آئںدہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، جو اقتدار میں آکر برطرف ملازمین کو مراعات کے ساتھ بحال کرے گی کیونکہ عوام کو روزگار دے کر ملک کو خوشحال بنانا ہی پیپلز پارٹی کی حکومتوں کی پہچان ہے۔